02 مارچ ، 2012
لاہور … لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عمر عطاء بندیال نے پیپلز پارٹی کے رہنما بابر اعوان کو سینیٹ کا رکن منتخب ہونے سے روکنے کیلئے عبوری حکم جاری کرنے سے انکار کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ بابر اعوان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے نا نہ ہونے کے معاملے پر ابھی فیصلہ دینا ہے اس لئے ایسے موقع پر کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت کے روبرو بابر اعوان کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کرنے والے شاہد جامی ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک عدالت اس کیس کا فیصلہ نہیں کرتی بابراعوان کو الیکشن لڑنے سے روک دیاجائے۔ درخواست کے قابل سماعت ہونے کے نکتہ پر عدالت کے مقرر کردہ معاونین نے اپنے دلائل مکمل کرلئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت 9 مارچ تک ملتوی کر دی۔