18 مارچ ، 2013
کراچی … سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ شوکت جوکھیو کو وزیر بلدیات سندھ کے گارڈز نے تشدد کا نشانہ بنایا، شوکت جوکھیو نے الزام لگایا ہے کہ آغا سراج درانی نے غیرقانونی بھرتیوں پر دستخط سے انکار پران پرتشددکیا۔ کراچی کے نجی اسپتال میں میڈیا سے گفتگومیں شوکت جوکھیو نے کہا کہ وہ سندھ سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر میں معمول کے کام میں مصروف تھے کہ وزیر بلدیات آغاسراج درانی وہاں پہنچے اور اندر داخل ہوتے ہی انہیں گالیاں دینا شروع کردیں۔ آغا سراج درانی نے اپنے گارڈز کے ہمراہ ان پر تشدد بھی کیا اور دفتر سے فائلیں، ان کے 2 موبائل فون اور دیگر ضروری سامان لے گئے۔ دوسری جانب آغا سراج درانی نے رابطہ کرنے پر ٹیلیفون پر بتایا کہ شوکت جوکھیو نے ان کے دفتر سے تالے توڑ کر فائلیں قبضے میں لے لیں اور ان کے عملے کو دھمکیاں دیں، ان کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ذرائع کے مطابق شوکت جوکھیو کو وزیر بلدیات کے گارڈز نے سرکاری معاملات پر کشیدگی کے باعث تشدد کا نشانہ بنایاہے۔