دنیا
17 جنوری ، 2012

ابوظہبی میں توانائی کے بارے میں عالمی کانفرنس جاری

ابوظہی… ابوظہبی میں توانائی کے بارے میں عالمی کانفرنس جاری ہے۔ کانفرنس کا افتتاح ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کے مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر جنرل شیخ محمد بن زید النہیان نے کیا، کانفرنس جمعرات تک جاری رہے گی۔ کانفرنس میں مختلف ممالک کے سربراہوں سمیت 23 ملکوں کے مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ کانفرنس کے اہم موضوعات میں توانائی پالیسی، سرمایہ کاری، گرین بلڈنگ اور کلین ٹرانسپورٹ شامل ہے۔ کانفرنس کے انعقاد سے گلوبل وارمنگ اور توانائی کے متبادل ذرائع کے ایشوز ایک بار پھر سرفہرست آگئے ہیں۔ افتتاحی اجلاس میں ابوظہبی نے اعلان کیا ہے کہ 2020ء تک وہ سات فیصد توانائی قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرے گا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ماحول دوست توانائی کے شعبے میں انقلاب لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا چیلنج موجودہ دور میں زیراستعمال توانائی کے ذرائع میں تبدیلی لانا ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایسے عالمی انقلاب کی ضرورت ہے جو ماحول دوست توانائی کے استعمال کوفروغ دیکر دنیا بھر میں تمام افراد کو اس تک رسائی حاصل ہو جائے۔ چین کے وزیراعظم وین جیابائو نے سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون سے عالمی معیشت کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں :