17 جنوری ، 2012
سیول…امریکہ نے جنوبی کوریا سے کہاہے کہ وہ ایرانی خام تیل کی درآمدات کم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ جوہری ہتھیاروں کے پھیلائو اور اسلحہ پر کنٹرول کیلئے امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی مشیر رابرٹ آئین ہارن نے یہ مطالبہ جنوبی کوریا کے نائب وزیرخارجہ کیم جائی شن سے منگل کو سیول میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے تمام اتحادی ممالک سے ایران کے خلاف دبائو بڑھانے کیلئے تعاون کی درخواست کررہا ہے۔ دبائو بڑھانے کا مقصد ایران کو بات چیت پر آمادہ کرنا ہے۔ امریکی عہدیدار نے اس موقع پر اپنے اتحادی ممالک کی ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تعاون کی اہمیت کا اعتراف بھی کیا۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا خام تیل کی تمام تر ضروریات درآمدی خام تیل سے پوری کرتا ہے جس کا تقریباً10فیصد ایران سے درآمد کیا جاتا ہے۔