03 مارچ ، 2012
راولپنڈی/اٹک… راول پنڈی میں دو غیرملکی موبائل فون پرویڈیو اور تصاویر بناتے ہوئے پکڑے گئے جنہیں پولیس نے تفتیش کے بعدرہا کر دیا۔گزشتہ روز اٹک میں پکڑے گئے تین امریکی شہریوں کو بھی چھوڑ دیا گیا ہے۔ راول پنڈی میں چاندنی چوک کے قریب ٹریفک وارڈن نے ایک گاڑی میں سوار دو غیرملکیوں کو ویڈیو فلم بناتے دیکھا تو انہیں روک لیا۔دونوں غیرملکیوں اور ان کے ڈرائیور کو تھانہ نیو ٹاوٴن پہنچادیا گیا جہاں پاسپورٹ دیکھنے سے معلوم ہوا کہ ایک اٹلی اور دوسرا فرانس کا شہری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں سے تفتیش کے بعد کوئی قابل اعتراض چیز برآمد نہیں ہوئی جس پر انہیں رہا کردیا گیا۔ اٹک کے ڈی پی او ڈاکٹر اختر عباس کے مطابق گزشتہ روز جن تین امریکی شہریوں کو زیر حراست لیا گیا تھا وہ این جی او کے ساتھ نجی طور پر کام کررہے تھے، پولیس نے انہیں اور ان کی دو ساتھی پاکستانی خواتین کو چھوڑدیا ہے۔