03 مارچ ، 2012
لاہور…وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ ریاست ملک کے ہر شہری کو ہر انچ، گلی، محلے اور سڑک پر تحفظ فراہم نہیں کر سکتی کیونکہ ملک میں دہشت گردی کا ایک مائنڈ سیٹ ہے۔ وزیرداخلہ نے ملک بھر کے وکلا کوممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سا لمیت اور سلامتی مقدم ہے اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی کے لئے متحد ہو جانا چاہیے،مخصوص ملک اور عناصر پاکستان کے پیچھے لگے ہوئے ہیں،ملک کی بقا صرف جمہوریت اور اتحاد میں ہے۔ اگر تنظیم، اتحاد، یقین محکم اور برداشت کا مادہ ہو گا تو کوئی بھی ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ میڈیا پرکوئی پابندی نہیں میڈیا جو چاہے کہہ سکتاہے اور یہ حق میڈیا کو جمہوریت نے ہی دیا۔