پاکستان
03 مارچ ، 2012

بنگلا دیشی ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے، پاکستان

بنگلا دیشی ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کریں گے، پاکستان

اسلام آباد … بنگلا دیش نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ پاکستان نے کہا ہے کہ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان پر عالمی معیار کے مطابق ایسے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے جو ڈھاکا کیلئے اطمینان بخش ہوں۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی سربراہی میں بنگالی سیکیورٹی ٹیم نے اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک سے ملاقات کی اور اپنی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے انتظامات پر تبادلہٴ خیال کیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف بھی موجود تھے۔ بعد میں میڈیا کو مشترکا بریفنگ میں وفاقی وزیرداخلہ نے بتایاکہ بنگلا دیش کو پیشکش کی ہے کہ ان کی خواہشات پر موٴثر سیکیورٹی پلان بنایا جائے گا۔ بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ مصطفی کمال نے کہاکہ دونوں ممالک میں قریبی روابط ہیں، امید ہے مثبت پیشرفت ہوگی اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے کہا کہ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورہ پاکستان کے حتمی شیڈول کا اعلان مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ بنگلا دیش کے 9 رکنی وفد میں وزارت داخلہ، وزارت کھیل اور پولیس کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ وفد کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا جس کی روشنی میں بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کا حتمی فیصلہ ہو گا۔

مزید خبریں :