30 مارچ ، 2013
گھوٹکی … گھوٹکی میں درندہ صفت ملزمان نے خاتون کو اغوا کے بعد زیادتی کانشانہ بنایا، بعد میں مقدمے کی پیروی سے نہ رکنے پر خاتون کے گھر والوں کو ہراساں کیا اور 16 سالہ نوجوان کو اغواء کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی، 80 فیصد جھلسنے والا نوجوان جانبر نہ ہوسکا، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔ واقعہ گھوٹکی کے علاقے خانپور مہر میں پیش آیا، جہاں چند روز پہلے سنیل عرف بکڑ اور کرشن نامی 2 ملزمان نے ایک خاتون کو اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ خان پور مہر میں چل رہا تھا، اس دوران ملزمان زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کے گھر والوں کو مقدمے کی پیروی سے روکنے کیلئے دباوٴڈالتے رہے، تاہم مقدمہ واپس نہ لینے پر ملزمان نے آج صبح خاتون کے بھانجے گیان چند کو اغواء کیا اور گبول کے علاقے میں لے جاکر اْسے پیٹرول چھڑک کر گ لگادی، آگ لگنے سے گیان چند کے جسم کا 80 فیصد حصہ جل گیا جسے علاج کیلئے سکھر منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور دم توڑ گیا۔ پولیس نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے اور مقدمے کی پیروی سے نہ رکنے پر جلائے جانے والے نوجوان کے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔