30 مارچ ، 2013
لاہور … مسلم لیگ ن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف سے ڈیل کی باتیں مضحکہ خیز ہیں، پرویز مشرف نے عدلیہ پر حملہ کیا اور آئین بھی توڑا، عدالتیں ان کے خلاف انصاف کے تقاضے پورے کریں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ن لیگ کی قیادت نے پرویز مشرف سے کوئی ڈیل نہیں کی، جعلی ڈگری ہولڈرز کی طرح پرویز مشرف کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا پرویز مشرف آئین توڑنے کے علاوہ توانائی بحران کے بھی ذمہ دار ہیں ، انہوں نے آصف زرداری سے ڈیل کرکے گارڈ آف آنر لیا، اس لئے ان کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہئے۔