05 اپریل ، 2013
کراچی …پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کی نئی تاریخوں کے لئے دونوں بورڈز کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، مسلسل کرکٹ کی وجہ سے سیریز مختصر اور ری شیدول ہونے کا امکان ہے۔آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے مطابق پاکستان کو رواں سال جولائی اگست میں ویسٹ انڈیز میں دوٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی،لیکن مسلسل کرکٹ کی وجہ سے دورہ دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا تھا۔ اس دوران ویسٹ انڈیز نے بھارت اور سری لنکا کے ساتھ تین ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کا فیصلہ کیا اس لئے ویسٹ انڈین بورڈ نے پاکستان سے اس ٹور کو ری شیدول کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ جولائی میں رمضان کے دوران کارپوریٹ ٹورنامنٹ کرانا چاہتا ہے اس لئے ان کے لئے دورے کا مختصر ہونا سازگار ہوگا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کا نیا شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا۔