12 اپریل ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجر ز اور پولیس کے محاصروں، گھر گھر چھاپوں اور چھاپوں کے دوران درجنوں بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور غیر اعلانیہ ریاستی آپریشن کے دوران گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے کئے جانے والے ہر قسم کے اقدامات کی حمایت کر تی ہے اور بار ہا اس کا اظہار کر چکی ہے لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند دنوں کے دوران کراچی میں غیر اعلانیہ ریاستی آپر یشن کا آغاز کر دیا گیاہے جس کے دوران ایم کیو ایم کے زیر اثر علاقوں کے محاصرے کرکے گھر گھر چھاپے مارے جارہے ہیں اور بے گناہ افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری، نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں محاصروں کے دوران معروف شاعرہ محترمہ گلنار آفرین کے بھتیجوں سمیت بے گناہ افراد کی گرفتاری اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانے بنانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور شہر بھر میں محاصروں اور چھاپوں کی کارروائیوں کے دوران گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے۔