12 اپریل ، 2013
پشاور … پشاور کے نواحی علاقے میں پولیس پر ہینڈ گرنیڈ حملہ اور فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، پولیس کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔ پولیس کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے ریگی میں پولیس چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر کار میں سوار افراد نے گاڑی کی اسپیڈ بڑھادی، پولیس نے ان کا تعاقب کیا تو جرائم پیشہ افراد نے پولیس پر ہینڈ گرنیڈ پھینکتے ہوئے فائرنگ شروع کردی جس سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، پولیس کے زخمی ہونے والے اہلکاروں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔