05 مارچ ، 2012
کراچی…عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ملک کے درآمدی بل میں سالانہ 60کروڑ سے 1 ارب ڈالر تک اضافے کا خدشہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق بین الاقوامی سطح خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث درآمدی بل میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ تجزیے کے مطابق اگر عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 103 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آتی ہیں ، تو درآمدی بل 15 ارب 20 کروڑ ڈالر سالانہ کی سطح پر آجائے گا۔ عالمی سطح پر قیمتیں اگر 113 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آتیں ہیں تو ملک کا درآمدی بل 16 ارب 5 کروڑ ڈالر سالانہ کی سطح پرآجائے گا۔ اسی طرح یہی قیمتیں اگر 123 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آتیں ہیں تودرآمدی بل کی مد میں یہ رقم سالانہ 17 ارب 90 کروڑ ڈالر کی سطح پر آجائے گا اور ایسے حالات میں ملک کی معیشت جو پہلے ہی آئی ایم ایف قرض پروگرام کی واپسی سے گراوٹ کا شکار ہے مزید مشکلات میں آجائیگی۔ دوسری جانب درآمدی بل میں اضافے کا بوجھ حکومت عوام پر منتقل کردیگی۔ جو آنے والے دنوں میں مہنگے ایندھن کی صورت میں عوام کو بھگتنا پڑیگا اور ایندھن مہنگا ہونے سے نہ صرف سفری لاگت میں اضافہ ہوگا بلکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی بے تحاشا اضافے کا سبب ہو گا ۔