پاکستان
16 اپریل ، 2013

پی پی امیدوار آصف ہاشمی نااہل ،علی مدد جتک کی سزامعطل

پی پی امیدوار آصف ہاشمی نااہل ،علی مدد جتک کی سزامعطل

کراچی…… الیکشن ٹریبونل نے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید آصف ہاشمی کو نااہل ،جبکہ جعلی ڈگری کیس میں بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیرعلی مدد جتک کی سزامعطل کردی،دوسری جانب سابق صدر پرویز مشرف کے چترال سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیلوں کی سماعت بھی آج ہوگی۔ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت جاری ہے۔ الیکشن ٹریبونل نے این اے 118سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید آصف ہاشمی کے کاغذات نامزدگی منظورنہ ہونے کے خلاف کی جانے والی اپیل مسترد کرتے ہو ئے انھیں نااہل قرار دے دیا ہے۔ان پر اعتراض کیا گیا ہے کہ وہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین رہے، الیکشن لڑنے کے اہل نہیں۔جعلی ڈگری میں بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیرعلی مدد جتک کی سزامعطل کردی ہے،علی مدد جتک نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔سیشن کورٹ نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کو 2 سال قید ، 10 ہزار جرمانے کی سزا دی تھی۔ دوسری طرف سابق صدرپرویزمشرف کے چترال سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پانچ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔ الیکشن ٹریبونل تمام اپیلوں کی سماعت آج کرے گا۔قصور سے پرویز مشرف کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت بھی آج دوبارہ ہوگی۔تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل کی بھی سماعت آج کی جائے گی۔

مزید خبریں :