21 اپریل ، 2013
اسلام آباد … سابق صدر پرویزمشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویزمشرف کا آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائیل کرنا ہے تو کریں لیکن ان لوگوں کا ٹرائیل بھی کیا جائے جنہوں نے آئین توڑنے میں ان کی معاونت کی، اعلیٰ عدلیہ کے 14 ججز نے بھی پی سی او پر حلف اٹھا رکھا ہے جبکہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پی سی او پر 3 بار حلف اٹھایا ہے۔ اسلام آباد میں آل پاکستان کرسچین لیگ کی طرف سے پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی حمایت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل احمد رضا قصوری نے کہا کہ فوج میں پرویز مشرف کے ساتھ کئے جانے والے سلوک پر بڑی بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اسلام آباد کلب میں انہیں متعد ریٹائرڈ اور حا ضر سروس فوجی افسران نے ملاقات کرکے پرویز مشرف کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مخالفت حکومت سے نہیں عدلیہ سے مل رہی ہے، میں نے 150 کے قریب ججز کی فہرست بنائی ہے جنہوں نے پی سی او پر حلف اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے والوں میں نواز شریف کا نام بھی معاونت کرنے والوں میں آتا ہے وہ ضیا الحق کے روحانی بیٹے تھے۔