پاکستان
21 اپریل ، 2013

خیبر پختونخوا کے 60 فیصد پولنگ اسٹیشن حساس ہیں، آئی جی احسان غنی

خیبر پختونخوا کے 60 فیصد پولنگ اسٹیشن حساس ہیں، آئی جی احسان غنی

پشاور … انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس احسان غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے 60 فیصد پولنگ اسٹیشن حساس ہیں، قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن کا رد عمل خیبرپختونخوا میں ہوتا ہے، پولیس فورس کو 10 ہزار اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے، جسے فرنٹیئر کور، کانسٹیبلری اور پاک فوج پورا کرے گی، تاہم 90 فیصد پولنگ اسٹیشنز پولیس کنٹرول کرے گی، خفیہ اداروں کی ہر اطلاع پر کارروائی نہیں کرسکتے۔ پشاور میں جیونیوزکے نمائندے عادل پرویز سے خصوصی گفت گو میں آئی جی پی خیبر پختونخوا احسان غنی نے کہا کہ صوبے میں 60 فیصد پولنگ اسٹیشن حساس ہیں، جن میں مالاکنڈ اور جنوبی اضلاع کے متعدد پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا عوامی نیشنل پارٹی کے جو رہنما ہٹ لسٹ پر ہیں، ان کی سیکیورٹی بحال کردی گئی ہے۔ آئی جی کا کہناتھا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کی واپسی سے سیکیورٹی کافی بہتر ہوگی، عام انتخابات کے موقع پر 90 فیصد پولنگ اسٹیشن پولیس کے کنٹرول میں ہوں گے۔ احسان غنی کا کہناتھا کہ پشاور کے نواحی علاقوں میں آپریشن نہ ہونے کی کوئی سیاسی وجہ نہیں، صوبے کے ہر تھانے کے سرچ آپریشنز کی نگرانی خود کررہا ہوں۔

مزید خبریں :