پاکستان
18 جنوری ، 2012

گراسمین کوپاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی،امریکی محکمہ خارجہ

گراسمین کوپاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی،امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن … ترجمان امریکی محکمہ خارجہ مارک ٹونرکا کہنا ہے کہ امریکی نمایندہ خصوصی مارک گراسمین پاکستان جانا چاہتے تھے، مگر موجودہ صورتحال میں پاکستان کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی، ترجمان محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان امریکا سے تعلقات پر نظر ثانی نہیں کرلیتا مارک گراسمین کا دورہ مناسب نہیں ہوگا۔ مارک ٹونر کا کہنا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی بنیادی حیثیت ہے۔ اور امریکا پاکستان سے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ ترجمان نے امریکی اخبارمیں چھپنے والی خبر کی صرف اس حد تک تصدیق کی کہ امریکی وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے فون پر بات ہوئی۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بات چیت میں دونوں ممالک نے اپنی اپنی حدود کار واضح کیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اگر کسی سے خطرہ ہو تو وہ کہیں بھی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ تاہم جواب میں پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کی ریڈ لا ئن کو عبور کیا گیا تو اسے ملکی خود مختاری پر حملہ تصور کیا جائیگا۔ اور اس کا بھر پور جواب دیا جائیگا۔ تاہم محکمہ خارجہ نے اس کی تصدیق نہیں کی ۔

مزید خبریں :