28 اپریل ، 2013
منڈی بہاؤالدین…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کو بننے سے کوئی نہیں روک سکتا،پاکستان کے نظام کو تحریک انصاف ٹھیک کرے گی۔ منڈی بہاؤالدین میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ جو جماعتیں نظام کو تباہ کرتی ہیں وہ اس نظام کو ٹھیک نہیں کرسکتیں، پاکستان کے نظام کو تحریک انصاف ٹھیک کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کو بننے سے کوئی نہیں روک سکتا،ملک میں عدل و انصاف کا نظام لے آئیں تو ملک خوشحال ہوجاتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کریں گے، امیر اور غریب کے بچوں کیلئے ایک ہی تعلیمی نظام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غریب آدمی چوری کرتا ہے جیل چلا جاتا ہے اور جو ڈاکے مارکرملک کا پیسہ باہرلے جاتے ہیں وہ اسمبلی میں چلے جاتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر بلدیاتی نظام بحال کرے گی۔ تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ میاں صاحب چھٹی باری لینے کے تیار بیٹھے ہیں۔ عمران خان نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب یاد رکھیں یہ پاکستانی قوم ہے، بھیڑبکریاں نہیں ہیں، ساڑھے3 سال تک پنجاب میں زرداری کے ساتھ اتحاد عمران خان نے کیا تھا؟۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زرداری صاحب نے پیپلز پارٹی پرخودکش حملہ کیا ہے، کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں آصف علی زرداری، مجھے پیپلز پارٹی پربڑا ترس آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بڑے تانبے اور کوئلے کے ذخیرے پاکستان میں ہیں اور ملک کی آدھی آبادی غربت کی لکیرکے نیچے زندگی بسرکررہی ہے۔