07 مارچ ، 2012
واشنگٹن…امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس نے کہاہے کہ انہیں امید ہے کہ پاک افغان سرحد پر عائد پابندیوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ جنرل جیمز میٹس نے اس امید کا اظہار سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے منتقلی کیلئے امریکا کو زمینی راستے درکار ہیں۔ اس سال ستمبر تک امریکی فوج کی تعداد 90 ہزار سے 68 ہزار تک کرنے کیلئے پاکستان کی سڑکوں کی ضرورت ہے۔ وہ آئندہ 10 روز میں پاکستان کادورہ کریں گے۔ اپنے دورے میں وہ پاکستانی حکام سے نیٹو کی زمینی راستے سے رسد کی فراہمی کو بحال کرانے کی کوشش کریں گے۔ نیٹو کو پاکستان سے زمینی راستوں سے سپلائی گزشتہ سال سلالہ چیک پوسٹ پر امریکی حملے کے بعد سے بند ہے۔