29 اپریل ، 2013
کراچی…پیپلز پارٹی کے رہنما سرتاج حیدر کا کہنا ہے پیپلز پارٹی،متحدہ اور اے این پی پردہشت گرد حملے ہو رہے ہیں لیکن دہشت گردوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی بلکہ نگراں وفاقی وزیرداخلہ نے بیان دیا کہ ان کی ہمدردیاں ن لیگ کیساتھ ہیں، جبکہ دہشت گرد بعض جماعتوں کو اپنا ضامن کہتے ہیں، اور وہی جماعتیں بلاروک ٹوک اپنی انتخابی مہم چلارہی ہیں۔کراچی میں متحدہ کے راہنما حیدر عباس رضوی،رضا ہارون،عوامی نیشنل پارٹی کے بشیر جان اور پیپلز پارٹی کے وقار مہدی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہناہے کہ میں سیاسی جماعتوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔ہم انتہاپسندی اور دہشتگردی کیخلاف نبردآزما رہے ہیں،دہشت گردی کے باعث معصوم شہری شہید ہورہے ہیں،ہمیں قوت اور دہشتگردی کے زورپرانتخابی مہم چلانے سے روکا جارہاہے۔یہاں تک کہا گیا ہے کہ جو پیپلز پارٹی کو ووٹ دے گا وہ موت کا مستحق ہے۔