07 مارچ ، 2012
کراچی… خطے میں مہنگائی کا سب سے زیادہ بوجھ پاکستانی عوام کے لیے ہے اور یہ 12 فی صد سے بھی زیادہ ہے۔ مہنگائی کے لحاظ سے کمبوڈیا اور ویت نام کے نام بھی پاکستانیوں سے زیادہ خوش قسمت ہیں۔ اسٹینڈر اینڈ پوارز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2012 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12.2 فی صد رہ سکتی ہے جبکہ اقتصادی ترقی کی شرح میں پاکستان خطے کا سب سے پست ملک ہے اور یہ شرح 4.4 فی صد کے لگ بھگ ہے۔ بنگلہ دیش میں مہنگائی کی شرح ساڑھے سات فی صد جبکہ ترقی کی شرح 6.2 فی صد ہے۔ ویت نام میں مہنگائی کی شرح 10.4 فی صد جبکہ معاشی ترقی کی شرح 5 فی صد ہے۔ بھارت میں مہنگائی کی شرح پاکستان سے چار فی صد کم ہے یعنی بھارتی عوام کو 8 فی صد مہنگائی کا سامنا ہے جبکہ بھارتی معیشت 7 فی صد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے۔ کمبوڈیا کے عوام کو 4 فی صد مہنگائی کا سامنا ہے جبکہ وہاں اقتصادی ترقی ساڑھے چھ فی صد ہے۔ سری لنکا کے عوام کے لیے مہنگائی پاکستان سے 5 فی صد کم یعنی 7 فی صد ہے اور معاشی ترقی کی شرح 6.9 فی صد یعنی 7 فی صد کے لگ بھگ ہے۔