07 مارچ ، 2012
کراچی…ایشیا میں کرکٹ کی حکمرانی کے لئے جنگ کا آغاز اتوار سے میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ نئے کوچ ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں پاکستان ٹیم ایک اور مشکل مشن پر بدھ کی شام کراچی سے ڈھاکا روانہ ہو رہی ہے۔ مصباح الحق کو انفرادی کارکردگی اور سلو بیٹنگ اسٹائل کو شدید تنقید کا سامنا ہے ،پاکستان ٹیم سے شعیب ملک، عمران فرحت، عدنان اکمل اور جنید خان کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کو مضبوط بنانے کے لئے ان فارم اوپنر ناصر جمشید اور نوجوان وکٹ کیپر سرفراز احمد کو شامل کیا گیا ہے۔ اتوار کو افتتاحی میچ پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ پاکستان، دفاعی چمپئن بھارت، سری لنکا اور میزبان بنگلہ دیش کے درمیان چھ گروپ میچ کھیلے جائیں گے۔ 22 مارچ کو دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم20 لاکھ ڈالر ہے۔ چمپئن ٹیم کو 6 لاکھ ڈالر اور رنراپ کو 3 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ گروپ میچ کی فاتح ٹیم کو ایک، ایک لاکھ ڈالر ملیں گے۔ پاکستان ٹیم15 مارچ کو سری لنکا سے مقابلہ کرے گی۔ اتوار 18 مارچ کو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا معرکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔