02 مئی ، 2013
کراچی…کراچی کے پرانے علاقے برنس روڈ پر جمعرات کو رات سوا 9 بجے متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس اور انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ دھماکا بھی گزشتہ دھماکوں کی طرح رات 9 بجے کے بعد ہوا۔ دھماکے کے بیشتر زخمیوں کے نچلے حصے پر زخم آئے ہیں۔ ادھر کراچی انتظامیہ نے سول اسپتال کراچی میں ایمرجنسی نافذ کردیہے،اور ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کو ہنگامی طور پر بلا لیا گیا۔جیو نیوز کے طلحہ ہاشمی اور فیضان لاکھانی نے دھماکے کے مقام سے رپورٹنگ کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک مسجدبابل الاسلام کا وضو خانہ بھی متاثر ہوا ہے۔ دھماکے سے قریب ہی واقع فوڈ اسٹریٹ پر بھگدڑ مچ گئی، پورا علاقہ ایک افراتفری کے عالم میں ہے، جبکہ کاروبار بند ہوگیا ہے۔ شہر کے پرانے علاقے میں واقع جگہ پر زیادہ تر تنگ گلیاں ہیں۔ پولیس اور رینجرز دھماکے کے مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ڈی آئی جی ساوٴتھ نے جیو نیوز کو بتایاہے کہ دھماکا سیکٹرآفس اور باب الاسلام مسجد کے قریب ہوا،انھوں نے مزید کہا کہ مسجد کے وضو خانے اور سیکٹر آفس کی دیوار کو نقصان پہنچا۔جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ اطراف کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔