06 مئی ، 2013
کراچی … انتخابات کیلئے اسکولوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، پنجاب اور سندھ کے اسکول 8 سے 13 مئی تک جبکہ بلوچستان کے 9 سے 11 مئی تک بند رہیں گے۔ انتخابات کیلئے صوبہ سندھ ، پنجاب اور بلوچستان میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔ پنجاب کے محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق عام انتخابات کے موقع پر تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 8 مئی سے 13 مئی تک بند رہیں گے، یہ فیصلہ اساتذہ کی بطور پولنگ عملہ تربیت اور ڈیوٹیوں کے باعث کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز نے 8 مئی سے چھٹیاں دینے سے انکار کردیا، عہدیدار پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مطابق چھٹیاں زیادہ ہونے کی وجہ سے سلیبس مکمل نہیں ہو پاتا، اس لئے نجی اسکولز میں صرف 10سے12 مئی تک چھٹی ہوگی۔ جبکہ سندھ میں بھی 8 مئی سے 13 مئی تک اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ بلوچستان حکومت نے 9 مئی سے 11 مئی تک تعلیمی اداروں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔