09 مئی ، 2013
لاہور … پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پہلے ان کے مناظرے کا چیلنج قبول کریں، پھر صدر زرداری کی بات کریں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران رحمان ملک نے شہبازشریف کے صدر پر الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے غیر ملکی ماہرین کو صدر کے کہنے پر فوری ویزا دلوایا، ٹیم کے ایک 2 ارکان کو سندھ بھجوایا تو کیا غلط کیا، وہاں بھی تو ضرورت تھی۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف ٹرانسپیرنسی کا حوالہ دیتے ہیں تو پھر وہ خط بھی سامنے لائیں جس میں بدعنوانی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے ایل ڈی اے پلازہ میں لگنے والی آگ کو سازش قراردیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا تھاکہ نوازشریف نے دہشت گردوں کی کبھی مذمت نہیں کی مگر اپنے عسکری اداروں کے خلاف بیان دے رہے ہیں۔