09 مئی ، 2013
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں ان کی جماعت کو آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی، اس کے باوجود ایم کیو ایم انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، پاکستان کو انتخابات کے ذریعے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افرا دکے حوالے کرنے کی تیاری کی جارہی ہے اور دہشت گردوں کو چھوٹ دے کرپاکستان کے انتخابات ہائی جیک کرلئے گئے ہیں۔ یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خورشید بیگم میموریل ہال میں اراکین رابطہ کمیٹی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے والوں نے الیکشن کمیشن، نگراں حکومت کو بے بس اوربے اختیار کردیا ہے ، پولیس اور رینجرز حکام سے مناظرہ کرنے کیلئے تیار ہوں، جن پولنگ اسٹیشن کو ہم نے انتہائی حساس قرار دیا تھا وہاں انتخابی عملہ بھی جانے کو تیار نہیں، راتوں رات کچھ علاقوں میں پولنگ اسٹیشن، پولنگ اسکیمیں اور انتخابی عملہ تبدیل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صورتحال کے باعث ایم کیوایم نے کوئی بڑا جلسہ نہیں کیا ہے، نئی حلقہ بندیوں سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں ہماری اپیل کو انتخابات سے 4 روز پہلے مسترد کردیا گیا او ر انتخابات کے بعد دوبارہ اپیل دائر کریں گے۔ ایم کیو ایم نے انتخابی دفاتر کو لوگوں کے جانی نقصان سے بچنے کیلئے بند کیا ہے۔