09 مئی ، 2013
پشاور … سابق وزیر ریلوے اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ہمارے ہاتھ پاوٴں باندھ کر انتخابی اکھاڑے میں پھینک دیا گیا ہے، اگر طالبان حامی قوتیں انتخابات میں کامیاب ہوئیں تو صوبے کی حالت سوات جیسی ہوگی۔ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج جو بھی ہوں گے ہم قبول کریں گے، حالانکہ ہمارے ہاتھ پاوٴں باندھ کر انتخابی اکھاڑے میں پھینک دیا گیا ہے تاہم اس کے باجود انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں، بھارت میں مسلمان اتنے غیر محفوظ نہیں جتنے پاکستان میں ہیں۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ سیاسی قوتوں کو کرسی کی جنگ کی بجائے عوام کے تحفظ کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی قوتیں سیاست سے بالاتر ہو کر آزاد خارجہ پالیسی مرتب کریں۔