09 مئی ، 2013
کراچی … پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے کراچی میں قومی اسمبلی کی 4 اور سندھ اسمبلی کی 11 نشستوں پر ایک دوسرے کے حق میں امیدوار دستبردار کروا دیئے، سینیٹر شاہی سید اور تاج حیدرنے اپیل کی ہے کہ عوام دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لبرل جماعتوں کو ووٹ دیں۔ مردان ہاوٴس کراچی میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر اور عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ شاہی سید نے کہا کہ انتہاء پسند مائنڈ سیٹ ترقی پسند، روشن خیال جماعتوں کے خلاف اعلان جنگ کرچکا ہے، ملک کی سلامتی کی خاطر ہمارا اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی نے قومی اسمبلی کی 4 اور سندھ اسمبلی کی 11 نشستوں پر ایک دوسرے کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے ان میں قومی اسمبلی کی 3 نشستوں این اے 258، 240، 250 اور صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پی ایس 90،92، 94، 113، 114، 126، 129، 130 سے اے این پی اپنے امیدوار پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں دستبردار کرے گی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کی ایک نشست این اے 241 اور صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں پی ایس 128، 91، 93 سے اپنے امیدوار عوامی نیشنل پارٹی کے حق میں دستبرار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔