09 مئی ، 2013
اسلام آباد … مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے 1500 میگا واٹ اضافی بجلی کا بندوبست کردیا گیا اور انتخابات کے دوران 48 گھنٹوں تک لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی، تیل سے بجلی بنانے کیلئے سوا 11 ارب روپے کی رقم فراہمی کی جا چکی ہے۔ اسلام آباد میں توانائی کیلئے خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر پانی و بجلی مصدق ملک اور وزیر تیل و گیس سہیل وجاہت شریک ہوئے۔ اجلاس میں مشیر خزانہ نے کہا کہ بجلی گھروں کیلئے 15 کروڑ مکعب فٹ گیس فراہم کردی گئی ہے، جس سے 800 میگا واٹ بجلی اضافی بنائی جائے گی، چشمہ نیو کلیئر کی پیداوار 300 میگا واٹ تک پہنچائی جائے گی جبکہ حبکو نارول کی پیداوار 93 میگا واٹ تک پہنچا دی گئی ہے، اس کی پیداوار مزید بڑھا کر 200 میگا واٹ تک پہنچائی جائے گی، پانی سے بجلی کی پیداوار میں مزید 700 میگا واٹ کا اضافہ ہوا ہے۔