10 مئی ، 2013
اسلام آباد…کل ہونے والے عام انتخابات کے لئے پریزائیڈنگ افسران کومجسٹریٹ کے اختیارات دیدیے گئے ہیں ،ملک بھر میں بیلٹ پیپر سمیت پولنگ سامان کی ترسیل کاکام مکمل ہوگیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق 69 ہزار 729 پریزائیڈنگ افسروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دئے گئے ہیں ۔الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو آج پولنگ اسٹیشنوں کا چارج سنبھالنے اور رات پولنگ اسٹیشن میں ہی گزارنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیاگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سترہ کروڑ 90 لاکھ سے زائد بیلٹ پیپر تمام انتخابی حلقوں میں پہنچا دیئے گئے ہیں۔ پریذائنڈنگ افسروں نے ریٹرننگ افسروں کوپولنگ کاسامان پہنچادیا ہے۔ پولنگ سامان میں بیلٹ پیپر،بیلٹ باکس،مہریں اوردیگراسٹیشنری سامان شامل ہے۔ پریذائنڈنگ افسروں کوپہلی بارفائرپروف رزلٹ پیکٹ فراہم کئے گئے ہیں۔ادھر الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پوسٹل بیلٹ پیپرزکے نتائج عام نتائج سے قبل جاری کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے،پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی دوسرے ووٹوں کے ساتھ ہی ہوگی۔