10 مئی ، 2013
راولپنڈی…عام انتخابات 2013 کے پر امن انعقاد کیلئے ضلع راولپنڈی اور ضلع اٹک میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اسلحہ کی نمائش اور پولنگ اسٹیشنوں سے 100 میٹر تک موٹر سائیکل یا گاڑی لے جانے یا پارک کرنے پر پابندی ہو گی۔ڈی سی او راولپنڈی اور اٹک کی جانب سے جاری بیانات میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات 2013 کے پر امن انعقاد کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت اضلاع میں اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ دونوں اضلاع کے تمام پولنگ اسٹیشنز کی 100 میٹر کی حدود کے اندر گاڑی یا موٹر سائیکل لے جانے اور پارک کرنے پر پابندی ہو گی۔ ضلعی حکومت کے ذمہ دار افسران کی جانب سے جاری کارڈ کے بغیر کوئی فرد،امیدوار اور سپورٹر ویڈیو کیمرہ اور موبائل فون پولنگ اسٹیشنزمیں نہیں لے جا سکے گا اور نہ ہی پولنگ اسٹیشنز کے قریب کیمپس لگانے کی اجازت ہوگی۔