13 مئی ، 2013
اسلام آباد…نگراں وفاقی وزیراطلاعات عارف نظامی کاکہناہے کہ نو منتخب حکومت 2 جون تک اقتدارسنبھال لے گی ، جبکہ وزیرقانون احمربلال صوفی کہتے ہیں کہ آئین کے تحت 21 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونا ضروری ہے جس میں اسپیکر اور قائدایوان کا انتخاب کیاجائے گا۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران نگراں وفاقی وزیراطلاعات عارف نظامی نے کہا کہ ملک بھرمیں شفاف انتخابات کرا کے نگراں حکومت نے اپنا فرض پورا کر دیا ہے ،جب کہ انتخابی عمل کے دوران مارے گئے لوگ شہید جمہوریت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق انتقال اقتدار میں ایک لمحہ بھی تاخیر نہیں کی جائے گی۔نگراں وفاقی وزیرقانون احمر بلال صوفی کہتے ہیں کہ منتخب امیداروں کااعلان الیکشن کمیشن کرے گاجس کا وزارت قانون فوری نوٹیفکیشن جاری کرے گی ، قومی اسمبلی کا اجلاس الیکشن ڈے کے بعد 21 دن کے اندر ہونا آئینی تقاضا ہے۔