13 مئی ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے صوبے میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پندرہ مئی کو احتجاج کا اعلان کردیا ،پارٹی کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر جہاں زیب جمالدینی کا کہنا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام صوبے کے مختلف انتخابی حلقوں میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیااحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ کوئٹہ سمیت مختلف انتخابی حلقوں پر دھاندلی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے ان انتخابی دھاندلیوں کے حوالے سے الیکشن ،نگراں وزیر اعلیٰ کو بھی آگاہ کیا تھا، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ صوبے میں بلوچستان نیشنل پارٹی صرف ایک قوم پرست جماعت رہ گئی ہے،باقی پشتون اور بلوچ قوم پرست جماعتیں اسٹیبلشمنٹ سے مل گئی ہیں۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر جہان زیب جمالدینی نے صوبے میں مبینہ دھاندلی کے خلاف 15مئی کو احتجاج کا اعلان کیا انہوں نے کہا کہ پندرہ مئی کو کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مظاہرے کئے جائیں گے۔