13 مئی ، 2013
اسلام آباد…پنجاب حکومت گرانے کے لیے آئی بی خفیہ فنڈز کے مبینہ استعمال کے کیس میں سپریم کورٹ نے درخواست گزار کو تحریری شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ آئی بی کی جمع کرائی گئی رپورٹ میں سیاسی وفاداریاں خریدنے کے حوالے سے رقم کے استعمال کی تردید کی گئی ہے۔ رپورٹ میں ایک صحافی کی اہلیہ کو خفیہ فنڈز سے 30لاکھ روپے کی ادائیگیوں کے الزامات کی بھی تردید کی گئی ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو آئندہ سماعت پر آئی بی کے خفیہ فنڈز کی آڈٹ رپورٹ پیش کرنے جب کہ درخواست گزار اسد کھرل کو شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کیس کی مزید سماعت 20مئی کو کی جائے گی۔