13 مئی ، 2013
اسلام آباد…تیس سے زائد غیر سرکاری تنظیموں کے فری اینڈ فیئر نیٹ ورک نے 11 مئی کے انتخابات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے،جس کے مطابق ملک میں 49 پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آوٴٹ سو فیصد سے زیادہ رہا جبکہ چار پولنگ اسٹیشنز پر دو سو فیصد اور ایک پر تین سو فیصد سے بھی زیادہ ٹرن آوٴٹ رہا۔فری اینڈ فری الیکشن نیٹ ورک کے مطابق ملک بھر میں 49 پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آوٴٹ سو فیصد سے زیادہ رہاجن میں پنجاب کے 32، سندھ کے 10،خیبرپختونخوا کے 6 اور بلوچستان کا 1 پولنگ اسٹیشن شامل ہے۔ان پولنگ اسٹیشنز میں 19 خواتین 16 مردانہ اور 14 مشترکا پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ فافن کے مطابق 4 پولنگ اسٹیشنز پر دو سو فیصد سے زیادہ اور ایک پر 300 فیصد سے بھی زیادہ ٹرن آوٴٹ رہا۔فافن کے مطابق جن حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آوٴٹ سو فیصد سے زیادہ رہا ان میں خیبرپختونخوا کے حلقہ این اے 6،5 ،7 ،13 اور 24 ،پنجاب میں حلقہ این اے52 ،71 ،74 ،94 ،98 ،101 کے علاوہ این اے 105 ،115 ،122 ،124 ،126 ،127 کے پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔پنجاب کے حلقوں این اے 128، 130 ، 140 ،142 ، 143، 147 ، این اے 148، 151 ،168، 175 ،193 ، 195 ،198 کے پولنگ اسٹیشن بھی شامل ہیں۔ جہاں سو فیصد سے زائد ٹرن آوٴٹ رہا ، ان میں سندھ کے حلقے این اے 200، 211 ،217، 218 ،226 ،242، 256 اور 257 کے پولنگ اسٹیشن جبکہ بلوچستان میں حلقہ این اے 262 کا ایک پولنگ اسٹیشن بھی شامل ہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ 193 کے زنانہ پولنگ اسٹیشن نمبر 14 پر ٹرن آوٴٹ 320 فیصد رہا۔ پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 کے ایک پولنگ اسٹیشن نمبر 14 پر ٹرن آوٴٹ 271 ، این اے 74 کے پولنگ اسٹیشن 202 پر 240 فیصد ، این اے 148 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 201 پر 218 فیصد جب کہ این اے 211 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 86 پر 200 فیصد ٹرن آوٴٹ رہا۔ مولانا فضل الرحمان،عمران خان،چوہدری نثار، چوہدری پرویز الٰہی، شفقت محمود جن حلقوں سے کامیاب ہوئے ان کے پولنگ اسٹیشنز بھی ایسے تھے جہاں ٹرن آوٴٹ سو فی صدسے زائد رہا۔