13 مئی ، 2013
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کی برطرفی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ عدالت نے8 اپریل کو چیئرمین ایف بی آر کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا جس کے بعد سے چارج سینئر افسر انصر جاوید کے پاس ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ایف بی آر کے گریڈ19 کے افسر اشفاق احمد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے موقف اختیار کیا قواعد میں نرمی کر کے چیئرمین ایف بی آر کی تقرری کی گئی۔ آسامی مشتہر کی گئی نہ ہی سلیکشن کمیٹی نے امیدوار کی اسکروٹنی کی۔ تقرری کی سمری بھی مجاز اتھارٹی کو قانون کے مطابق نہیں بھجوائی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے ان کے وکیل اشتر اوصاف نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کو یہ کیس سننے کا اختیار نہیں، فیڈرل سروسز ٹریبونل کا فورم موجود ہے۔درخواست گزار متاثرہ شخص نہیں اس لیے بھی یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔