15 مئی ، 2013
کراچی…پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن پر بیٹھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سات نکاتی ایجنڈے کا اعلان کردیا ہے ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کراچی پریس کلب میں پارٹی کے سات نکاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاشی شعبے میں آئی ایم ایف کے پیکج ، شرائط ، قیمتوں کے کنٹرول، روزگار کے مواقعے اور برطرفیوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے صوبوں کے حوالے کیے ہیں انہیں واپس لینے نہیں دیا جائے گا۔وسائل پر 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبوں کا حق ہے۔ آئل اور گیس کی آمدنی میں 50 فیصد صوبوں کو دیا جائے۔رضا ربانی نے مزید کہا کہ قومی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کے بارے میں مسلم لیگ ن کے منشور میں کچھ نہیں اس کی وضاحت کی جائے۔ حکومت کو ڈرون حملوں اور افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کی انخلا پر حکومتی پالیسی واضح کرنی ہوگی۔ رضا ربانی کا کہنا تھاکہ توانائی کے بحران پر حکومتی دعووں کی مانیٹرنگ کریں گے۔