15 مئی ، 2013
اسلام آباد … جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے اور خیبر پختونخوا میں ہارس ٹریڈنگ کی بدترین مثال قائم کی جارہی ہے۔ اسلام آباد میں جاری کئے گئے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ خیبر پختوانخوا میں ہارس ٹریڈنگ کی بدترین مثال قائم کی جارہی ہے ،بندر بانٹ اور مک مکا کا الزام لگانے والے آج خود اسی عمل میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزارتوں اور دولت کا لالچ دے کر آزاد امیدواروں کو خریدا جارہا ہے جبکہ خیبر پختوانخواہ میں ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا جارہا ہے جو ماضی میں لوٹا ثابت ہوچکا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔ دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس 18مئی کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے،جس میں انتخابات کے نتائج کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔