16 مئی ، 2013
واشنگٹن…سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں اب کوئی بھٹو باقی نہیں، زرداری بطور صدر اور پارٹی قائد ناکام ثابت ہوئے، نوازشریف طاقتور رہنما بن کر ابھرے ہیں، کراچی میں دوبارہ انتخابات ہوئے تو بھی نتائج میں بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔ واشنگٹن میں کونسل آف فارن ریلیشنزمیں پاکستانی امورکے ماہرڈینیئل مارکی اورسابق امریکی سفیرکیمرون منٹر نے مشترکاپریس بریفنگ میں بتایا کہ انتخابات میں دھاندلیاں قواعد و ضوابط کی سنجیدہ خلاف ورزیاں ہیں۔ نوازشریف نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ سیاسی لڑائیاں لڑناچاہتے ہیں یامعیشت کی بحالی،گڈ گورننس اوربھارت سے بہتر تعلقات پر توجہ دیتے ہیں، اگر کراچی میں دوبارہ انتخابات بھی ہوئے تو نتائج میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ڈینیئل مارکی نے کہا کہ انتخابی نتائج نے پاکستان کو مزید لسانی اور نسلی فرق کی طرف دھکیل دیا ہے۔ دونوں رہنماوٴں نے امریکی اخبار کی اس رپورٹ کو بے بنیاد قراردیاکہ امریکانے نوازشریف کو آگے لانے اور عمران خان کو پیچھے کرنے میں کوئی کردار ادا کیا۔