16 مئی ، 2013
اسلام آباد… شہبازشریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ختم ہو گئی ہے،اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے اختتام پر دونوں راہنماؤں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی ۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بڑی امید افزا گفتگو ہوئی ہے ، یہ سلسلہ جاری رہے گا،گو کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ(ن)کو سادہ اکثریت حاصل ہوچکی ہے،لیکن ملاقات میں طے پایا ہے کہ معاملات کو حل کرنے کیلئے اتفاق رائے سے قدم اٹھائیں گے۔مل جل کر معاملات کو حل کرنے پر ابھی تفاق ہوا ہے،بلوچستان میں ایک اور جماعت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔الطاف حسین کے بیان پر کئے گئے سوال پر شہباز شریف نے کہا کہ الطاف حسین کے بیان سے ملک سکتے میں آگیا تھا،الطاف حسین کاش پاکستان کیلئے ایسا بیان نہ دیتے،تاہم الطاف حسین نے اپنے بیان کی تردید کردی ہے، اس کو مان لینا چاہیئے۔مولانافضل الرحمان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہباز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے دعوت دی،شہبازشریف کی دعوت پر پارٹی کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے ،مجلس عاملہ سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے ،ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومتیں اچھی حکمت عملی سے چلتی ہیں۔تحریک انصاف کی الیکشن میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کا مینڈیٹ جعلی ہے ، تسلیم نہیں کرتے۔