16 مئی ، 2013
کراچی … پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کو غصب کر کے کسی ملک میں جمہوریت نہیں آسکتی، 11 مئی کو عوام نے فیصلہ دے دیا تھا مگر حق کی بات کرنے والے عوام کو ان کے حق رائے دہی سے محروم کر کے غیر جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جارہا ہے ۔ کراچی میں راشد منہاس روڈ پر انتخابی دھاندلی کے خلاف اور کراچی میں دوبارہ الیکشن کے مطالبے کیلئے دیئے گئے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور رہنماوٴں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے مکافات عمل سے ڈریں، عوام خوف کی سیاست سے نکل کر آزادی اور سکون کا سانس لینا چاہتے ہیں اور اگر عوام نے اس کیلئے تحریک انصاف کو منتخب کیا ہے تو یہ عوام کا بنیاد ی حق ہے اور عوام کے اس عمل پر کسی کو تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شفاف الیکشن ہی کراچی کے امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہیں،جب قانون آزاد ہوگا اور کسی کے طابع نہیں ہوگا تو وہ سب کے ساتھ انصاف کرے گا اور یہی جمہوریت ہے۔ اس سے قبل پارٹی رہنماوٴں اشرف قریشی، سبحان علی ساحل، زبیر خان، سرور راجپوت، راجا اظہر، اسرار عباسی، ارم بٹ، نازیہ ربانی اور دیگر نے اپنے خطاب میں کارکنوں اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا جو اپنے حق کیلئے اور دھاندلی کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔