08 مارچ ، 2012
نئی دہلی… بھارت کی حکمراں جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج سے وزیر اعظم منموہن سنگھ کی زیر قیادت حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسمبلی انتخابات میں خراب کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے نئی دہلی میں پارٹی اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ہر انتخاب ایک سبق ہے، نتائج پرغور و فکر ہوگا اور پھر ہم غلطیوں کو درست کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسبملی انتخابات کے نتائج سے یو پی اے کی حکومت کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہار کی ایک نہیں بہت سی وجوہات ہیں، امیدواروں کا انتخاب بھی ان میں سے ایک ہے، یو پی میں کانگریس پارٹی بطور ایک تنظیم بہت کمزور ہے‘عوام بہوجن سماج پارٹی کی حکومت سے سخت ناراض تھے اور اس نے متبادل کے طور پر سماج وادی پارٹی کو منتخب کیا ہے۔سونیا گاندھی نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کی شکست ایک بڑا دھچکا ہے‘ریاست میں ہمیں زیادہ امید تھی لیکن وہاں کی علاقائی جماعت اکالی دل نے کانگریس کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ گوا میں لوگ کانگریس سے خوش نہیں تھے اس لیے انہوں نے پارٹی کے خلاف ووٹ دیا۔