24 مئی ، 2013
ڈبلن … پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آئرلینڈ نے بہترین کھیل پیش کیا، میزبان ٹیم کے خلاف پہلے میچ میں جو غلطیاں ہوئیں، انہیں درست کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ ڈبلن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ آئرلینڈ نے جس طرح بیٹنگ کی وہ قابل تعریف ہے ، کیون اوبرائن نے بہادری سے کھیلا، جو غلطیاں گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میں کی ہیں انہیں ٹھیک کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم ایونٹ سے قبل اس طر ح کی پرفارمنس تشویش ناک ہے ۔ دوسری جانب آئرش بیٹسمین کیون او برائن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ ٹائی کرنے پر بے حد خوشی ہے، پاکستان ایک بہترین ٹیم ہے اور وہ اس کا احترام کرتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دوسرے میچ میں بھی اچھا پرفارم کرکے سیریز جیت لیں۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا اور آخری ون ڈے اتوار کو کھیلا جائے گا ۔