03 جون ، 2013
لاہور … تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے آئی جی پنجاب پولیس کو ایک خط لکھا ہے جس میں صوبے میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف قتل، اقدام قتل اور دیگر مبینہ انتقامی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق اعجاز چوہدری کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں کارکنوں کے خلاف ایسی انتقامی کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ الیکشن کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف جعلی مقدمات درج کئے گئے جنہیں واپس لیا جائے۔