04 جون ، 2013
گھوٹکی …گھوٹکی کے قریب قادرپور کے علاقے میں دریائے سندھ نے اپنا رخ تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے دریا کے کٹاوٴ سے تین دیہات دریا برد اور متعدد لپیٹ میں آگئے ہیں، متاثرین نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ گھوٹکی کے علاقے قادرپور میں دریا ئے سندھ نے پچیس سال بعد اپنارخ تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے اور دریا کے کٹاوٴ سے دس روز کے دوران تین دیہات حبیب چاچڑ،قیصر چاچڑ، جانن چاچڑ،سیکٹروں ایکڑ زرعی زمین اورفصلیں دریا برد ہوگئی ہیں۔ جبکہ مہار چاچڑ،بہاول چاچڑ، فیصل چاچڑ، حاجی جانو سمیت درجنوں دیہات بپھرے ہوئے دریا کی لپیٹ میں ہیں اور متاثرین نے قیمتی سامان، اور مویشی سمیت نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ پالیسی ادارہ برائے دیہی ترقی کے مطابق دریا کے رخ تبدیل کرنے اور کٹاوٴ کی ایک وجہ قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی اور شجر کاری نہ ہونا ہے دوسری جانب ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ضلعی انتطامیہ اور محکمہ آبپاشی دریائے سندھ کے بدلتے مزاج کے بارے میں ابھی تک لا علم ہیں اور متاثرین کے لئے نہ تو کسی قسم کی معلومات فراہم کی گئی ہے اور ناہی امدادی کاروائیاں شروع کی گئی ہیں۔