07 جون ، 2013
اسلام آباد … صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جیو نیوز کے ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں وفاقی وزرا کی حلف برداری سے پہلے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم میاں نواز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی۔ اس دوران صدر زرداری نے نواز شریف کو حکومت کے قیام اور پر امن انتقال اقتدار پر مبارک باد دی جبکہ میاں نواز شریف نے صدر زرداری کا شکریہ ادا کیا، اس دوران ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر صدر زرداری اور وزیراعظم نواز شریف بیشتر وقت خاموش ہی رہے جبکہ حلف برداری کے بعد ملحقہ ہال میں صدر اور وزیراعظم نے ایک ساتھ کھڑے ہو کر شرکاء سے مصافحہ کیا اور مبارک باد وصول کی۔ تقریب حلف برداری کے بعد صدر آصف علی زرداری دبئی روانہ ہو گئے۔