10 مارچ ، 2012
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کی پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام سے دور کی رشتہ داری ہے۔ شاہ رخ خان کی والدہ لطیف فاطمہ شاہ نواز خان کی لے پالک بیٹی تھی جو ظہیر الاسلام کے چچا ہیں۔ اس وقت آئی ایس آئی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اسفند یار علی خان پٹوڈی بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے چچا ہیں۔ اخبار کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام انڈین نیشنل آرمی کے ہیرو شاہ نواز خان کے بھتیجے ہیں اور انہی کی وجہ سے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی ایک کمزور تعلق داری بھی ہے۔ بھارتی اخبار نے پاکستانی تجزیہ کار کے حوالے سے بتایا کہ ظہیر الاسلام کے والد نے پاک آرمی میں بریگیڈیئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جب کہ چندر بوس کی قیادت میں انڈین نیشنل آرمی میں شاہ نواز خان میجر جنرل تھے اور وہ ظہیر الاسلام کے والد کے چچا ہیں۔ شاہ نواز کے ایک بیٹے تقسیم ہند کے وقت پاکستان منتقل ہوگئے جب کہ ایک بیٹے محمو د نواز نے بھارت میں ہی قیام کیا اور آرمی میں کرنل کے عہدے تک پہنچے۔ بالی ووڈ کی کئی سائٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی والدہ لطیف فاطمہ شاہ نواز خان کی لے پالک بیٹی تھی ۔ اخبار کے مطابق یہ بات یقینی نہیں ہے کہ وہ کبھی شاہ نواز سے ملے ہوں ان کا انتقال 1983ئمیں ہوگیا تھا۔ اخبار کے مطابق کچھ میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ بالی وڈ اسٹار سیف علی خان کے چچا میجر جنرل اسفند یار علی خان پٹوڈی اس وقت آئی ایس آئی میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر ہیں۔