09 جون ، 2013
کراچی … 27اپریل کو ڈیفنس کے علاقے خیابان سحر میں نوجوان کے گارڈ کی فائرنگ سے جاں بحق ہو نے والے حمزہ احمد کے اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہو ئے چیف جسٹس آف پاکستان سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔خاور خان کی رپورٹ کے مطابق زاروقطار روتی ہوئیں مقتول حمزہ احمد کی والدہ اپنے لال کے لیے انصاف کی طلب لیئے آج کراچی پریس کلب پر احتجاج کے لیے دیگر افراد کے ہمراہ پہنچیں۔شدت غم سے نڈھال والدہ کا چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ ہے کہ واقعہ کا ازخود نوٹس لیا جا ئے اور قاتل کو عبرتناک سزا دیجائے۔ ڈیڑھ ما ہ سے زاید کا عرصہ گزر چکا ہے اب تک کو ئی شنوائی نہیں ہو ئی۔ حمزہ کے حق میں احتجاجی مظا ہرے میں خواتین ،بچوں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حمزہ کے والد کا کہنا ہے کہ عدالت میں غلط شواہد پیش کیے گئے ہیں جبکہ حمزہ کو قتل کرنے سے قبل تشدد بھی کیا گیا۔ اس موقع پر 16 جون کو خیابان سحر پر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ حمزہ کے لواحقین کا مطالبہ ہے کہ حمزہ قتل کیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلا یا جائے اور ان کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔