پاکستان
10 جون ، 2013

صدر زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

صدر زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

اسلام آباد… صدر زرداری آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، وہ مشترکہ اجلاس سے چھٹی بار خطاب کرنے والے پہلے صدر بن جائیں گے۔ صدر آصف علی زرداری سے قبل سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیا الحق اور سابق صدر غلام اسحاق خان پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاسوں سے پانچ پانچ مرتبہ خطاب کرچکے ہیں۔ آصف علی زرداری اپنے پانچ سالہ دور میں پارلیمینٹ کے چھٹے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ صدر زرداری ماضی میں اپنے خطابات میں اٹھارہویں اور انیسویں ترامیم، صوبائی خودمختاری، صدارتی اور وفاقی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا کریڈٹ لیتے رہے ہیں۔ یہ توقع کی جارہی ہے کہ صدر آصف علی زرداری اپنے کل کے خطاب میں ملک میں عام، پرامن اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کا کریڈٹ لیں گے کیونکہ اپنے گزشتہ خطاب میں انھوں نے ملک میں آزادانہ انتخابات کی بنیادی ضروریات سے متعلق خصوصی طور پر زور دیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری کو 90 کی دہائی کے برعکس پارلیمینٹ سے خطاب کے دوران کسی احتجاج کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پارلیمینٹ سے چھٹے خطاب کے بعد صدر آصف علی زرداری کو 2 سابق صدور غلام اسحاق خان اور فاروق خان لغاری کی طرح دو مختلف اسمبلیوں سے خطاب کرنے کا اعزا ز بھی حاصل ہوگا لیکن دونوں کے برعکس وہ ایک ایسی اسمبلی سے خطاب کریں گے جو جمہوری طور پر پرامن انتقال اقتدار کے بعد وجود میں آئی۔

مزید خبریں :