10 مارچ ، 2012
کراچی… . . . . سائٹ کی گارمنٹ فیکٹری کے چالیس ملازمین کو بس میں یرغمال بنا کر ان کوتنخواہوں سے محرون کر دیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سائٹ میں واقع المصطفیٰ گارمنٹ فیکٹری کے ملازمین کو آج تنخواہوں کی ادائیگی کی گئی تھی، ہفتہ کی شب ڈیوٹی ختم کرکے کمپنی کی بس نمبر JE-1214 سے اپنے گھروں کو جارہے تھے کہ مومن آباد تھانہ کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر 4F میں چھ موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے فیکٹری ملازمین کی بس کو روکا اور 20 منٹ تک تمام اسٹاف کو یرغمال بنائے رکھا، اس دوران ملزمان نے تمام ملازمین جن میں اکثریت خواتین اور لڑکیوں کی تھی، اسلحے کے زور پر لوٹ لیا۔ ملزمان نے ملازمین سے تنخواہوں کی تمام رقم کے ساتھ ساتھ موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان بھی چھین لیا۔ ملزمان نے مزاحمت کرنے پر متعدد ملازمین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ لوٹنے والوں کے مطابق ملزمان حلیے سے بلوچ معلوم ہوتے تھے جو واردات کے بعد بڑے سکون سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واردات کے بعد لٹنے والے تمام افراد اسی بس میں مومن آباد تھانے پہنچے جہاں بس کے ڈرائیور بلو نے رپورٹ درج کرا دی ہے۔